زندگی خواہشوں کا دریا ہے
زندگی خواہشوں کا دریا ہے
اور دنیا مثال صحرا ہے
اب بھی سائے کے ساتھ دھوپ نہیں
دھوپ کے ساتھ اب بھی سایا ہے
اس تصور سے ہے وجود و عدم
جس تصور میں تو سمایا ہے
جو بچھڑتا ہے پھر نہیں ملتا
جو بھی ملتا ہے سو بچھڑتا ہے
زندگی ان کے پاؤں چومے گی
حادثوں نے جنہیں پکارا ہے
کشمکش ہے عذاب جاں طارقؔ
کہہ بھی ڈالو کہ مدعا کیا ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.