جون ایلیا کی نظم 'درخت زرد محض ایک ذاتی بیانیہ نہیں بلکہ یہ اپنے عہد کے تہذیبی زوال، اقدار کی تبدیلی اور معاشرتی تصنع کا ایک نوحہ ہے۔ جون شیکسپیئر کی طرح اس دنیا کو ایک وسیع اسٹیج تصور کرتے ہیں، جہاں مختلف انسانی گروہ اپنا فن دکھا کر روپوش ہو جاتے ہیں۔ وقت کی تبدیلی کے ساتھ انسان کے معمولاتِ حیات میں جو تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، وہ رفتہ رفتہ معاشرے کی شناخت بن جاتی ہیں۔ جون نے اس نظم میں زریون اور اس کے ممکنہ محبوب کو ایک میڈیم کے طور پر استعمال کیا ہے، جن کے توسط سے وہ انسانی سماج سے وابستہ اپنے تصورات اور تہذیبی زوال پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔
جون ایلیا کو اپنے آبائی وطن امروہہ، اپنے سلسلہ نسب اور اپنی مخصوص شیعی تہذیب و ثقافت سے والہانہ عقیدت تھی۔ لیکن وقت کے ساتھ ان تمام عوامل میں جو یکسر تبدیلی آئی اور معاشرے پر جو تصنع کا رنگ غالب آیا، جون نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وہ پرانی اقدار کے مٹنے اور نئی کھوکھلی روایات کے جنم لینے پر نوحہ کناں ہیں۔ وہ اپنے بیٹے کے محبوب کے حوالے سے اس مخصوص تہذیب کے مٹنے کا ذکر انتہائی بلیغ انداز میں کرتے ہیں:
وہ نجم آفندیِ مرحوم کو تو جانتی ہوگی
وہ نوحوں کے ادب کا طرز تو پہچانتی ہوگی
اسے کد ہوگی شاید ان سبھی سے جو لپاڑ ی ہوں
نہ ہوں گے خواب اس کا جو گویّے اور کھلاڑی ہوں
اس کے ساتھ ہی جون نے زبان کے بگاڑ اور رابطے کے جدید مگر سطحی طریقوں پر بھی گہرا طنز کیا ہے۔ خط لکھنے کی روایت، جو کبھی تہذیب اور شائستگی کی علامت تھی اور جس میں زبان کی درستی کا خاص خیال رکھا جاتا تھا، اب دقیانوسیت سمجھی جانے لگی ہے۔ جون اس المیے کو ان مصرعوں میں یوں قید کرتے ہیں:
اسے تم فون کرتے اور خط لکھتے رہے ہوگے
نہ جانے تم نے کتنی کم غلط اردو لکھی ہوگی
یہ خط لکھنا تو دقیانوس کی پیڑھی کا قصہ ہے
دنیا کے اس اسٹیج پر مختلف انسانی گروہوں کی تاریخ اور ان کی تہذیبی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے جون اپنے اجداد کو بھی یاد کرتے ہیں۔ ان کا لہجہ یہاں بظاہر کرخت اور طنزیہ ہو جاتا ہے، لیکن اس کے پیچھے ایک گہرا تاریخی شعور کارفرما ہے:
مگر میرے غریب اجداد نے بھی کچھ کیا ہوگا
بہت ٹچا سہی ان کا بھی کوئی ماجرا ہوگا
یہ ہم جو ہیں، ہماری بھی تو ہوگی کوئی نوٹنکی
یہ اشعار اس بات کی بھرپور تائید کرتے ہیں کہ جون ایلیا نے ایک انتہائی ذاتی موضوع کو آفاقیت بخش کر اس میں انسانی سماج، تاریخ اور تہذیب کے مختلف عناصر کو اس طرح سمو دیا ہے کہ قاری ان کی گوناگونی کو شدت سے محسوس کرتا ہے۔
