اردو شاعری میں عشق و محبت کے جذبات کو اکثر تصوف اور مابعدالطبیعیاتی پردوں میں چھپا کر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ فہمیدہ ریاض نے اس جھوٹی اخلاقی فلسفہ طرازی اور ریاکاری کو سختی سے رد کیا۔ ان کے فلسفۂ عشق میں جسم کی شرکت لازمی ہے اور وہ جسم و جاں کے فاصلے مٹا دینے کو ہی سچی اور ابدی محبت تصور کرتی ہیں۔
فہمیدہ ریاض نے عورت کے بالمقابل کسی تصوراتی یا خیالی محبوب کو پیش کرنے کے بجائے ایک جیتے جاگتے، سانس لیتے مرد کو ایک فطری کردار کے طور پر پیش کیا ہے۔ مرد شعرا کے یہاں محبوب کی جنس اکثر التباس کا شکار رہتی ہے، لیکن فہمیدہ نے اس ابہام کو ختم کر کے ایک نئی زبان اور نیا اسلوب متعارف کرایا۔ ان کی شاعری میں نسوانی کیف و سرور، احساس کی نزاکتوں اور جذبات کی لطافتوں کو الفاظ کے پیکر میں ڈھالنے کا بے مثال سلیقہ موجود ہے۔
ان کی نظم 'ابد' اس عشقیہ سرشاری اور جسمانی و روحانی وحدت کی ایک خوبصورت مثال ہے، جہاں وہ انسانی فطرت اور سائیکی کو پوری سچائی کے ساتھ بیان کرتی ہیں:
یہ کیسی لذّت سے جسم شل ہو رہا ہے میرا
یہ کیا مزا ہے کہ جس سے ہے عضو عضو بوجھل
یہ کیف کیا ہے کہ سانس رک رک کے آرہا ہے
یہ میری آنکھوں میں کیسے شہوت بھرے اندھیرے اتر رہے ہیں
لہو کے گنبد میں کوئی در ہے کہ وا ہوا ہے
یہ اشعار محض جسمانیت کا بیان نہیں بلکہ اس لمحۂ سرشاری کی عکاسی ہیں جہاں روح اور جسم ایک ہو جاتے ہیں۔ اسی طرح ان کی نظم 'زبانوں کا بوسہ' میں بھی محبت کی اس گہری اور غنودہ کیفیت کو پیش کیا گیا ہے جو انسان کو تاریکیوں کے پل سے گزار کر روشنی کی طرف لے جاتی ہے:
یہ بھیگا ہوا گرم و تاریک بوسہ
اماؤس کی کالی برستی ہوئی رات جیسے امڈتی چلی آرہی ہو
کہیں کوئی ساعت ازل سے رمیدہ
مری روح کے دشت میں اڑ رہی تھی
وہ ساعت قریں تر چلی آرہی ہے
فہمیدہ ریاض کا یہ بے باک انداز اردو قارئین کے لیے ایک نیا تجربہ تھا۔ ان کے پہلے مجموعے 'پتھر کی زبان' سے لے کر 'بدن دریدہ' تک، انھوں نے نسوانی جذبات کے تقدس کو محفوظ رکھتے ہوئے سچے اظہار کی شمعیں روشن کیں۔ وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ پاکیزہ محبت کو پروان چڑھانے کے لیے عورت کے خالص جذبۂ محبت کو سمجھنا اور اسے اس کے پورے وجود کے ساتھ قبول کرنا ناگزیر ہے۔
