مرگ مہتاب
زمیں نے مہتاب مار ڈالا کبھی نہ اب وہ طلوع ہوگا
کبھی نہ آئے گی چاندنی شب
نہ رت جگوں کے حسین میلے کبھی لگیں گے
کہ اب تو مہتاب مر چکا ہے
چلو بس اب چل کے تیرگی میں
دلوں کے مدھم دیئے جلائیں سنائیں بیتے دنوں کے قصے
کتاب چاہت کی آیتوں کو پڑھیں سحر تک
کہ روح مہ کو ثواب پہنچے بچے جہنم کی کلفتوں سے
حدود جنت میں جگمگائے عروج دیکھے
زمیں کی خاطر بھی سب خدا سے گنہ کی بخشش ضرور مانگیں
کہ اپنے بچے کو قتل کر کے وہ تا قیامت نہ ہنس سکے گی
نہ اب کوئی اپنی کوکھ سے وہ حسین مہتاب جن سکے گا
کہ پہلے بچے کو قتل کر کے
خدا کی نظروں سے گر گئی ہے
زمیں نے مہتاب مار ڈالا کبھی نہ اب وہ طلوع ہوگا
بس اب اندھیرا رہے گا ہر سو کبھی نہ آئے گی چاندنی شب
نہ رتجگوں کے حسین میلے کبھی لگیں گے
زمین کالی قبا میں لپٹی ہمیشہ ماتم کناں رہے گی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.