خزاں کی وہ رات
خزاں کی وہ رات جس میں ہر سو روش روش پر
ہمارے بکھرے ہوئے ارادے تھے یاد کے راستوں پہ جلتی
مری سمجھ اور مرے لہو کی حدوں سے آگے چلی گئی ہے
وہ رات جس میں کہ دیر تک ہم
نے تاش کے پر فریب پتوں سے
اپنی تقدیر کو بدلنے کی چند ابتر سی کوششیں کیں
پگھلتی شمعوں سے فال لینے کے بعد
بے ربط گفتگو میں یقین سے یہ کہا کہ شمعیں
بجھیں تو پھر ساتھ ہی ہمارے تمام رستوں میں صبح ہوگی
سنوار کر برگ و بار اپنے ہی سبز باغوں کے
بے تکلف ہمیں یقیں تھا کہ آج اس بے ثبات دنیا
کے فیصلوں اور مقدروں سے ہمارا رشتہ اٹل نہیں ہے
مگر اندھیرا ہوا تو یوں جیسے تم کسی دوسرے کنارے
سے جا لگے ہو دیا سلائی کی روشنی میں
کسی گئے گزرے راستے کو تلاش کرتے پگھل رہے ہو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.