تخلیق
یہ کیا معجزہ ہے
کہ سوکھی ہوئی خشک بے جان کونپل ہری ہو گئی ہے
سبک پتیاں گنگنانے لگی ہیں
بہاروں کا پیغام لانے لگی ہیں
یہ کیا دیکھتا ہوں
تمہاری جبیں کے افق پر
شعاعوں کا میلہ ہے فردا کا سورج نکلنے لگا ہے
تمہاری نگاہوں میں نا دیدہ جگنو چمکنے لگے ہیں
یہ کیسا فسوں ہے
تمھارے دل و جاں میں میرا جنوں ہے
تمہاری رگ و پے میں میری محبت کا لاوا تھرکنے لگا ہے
تمھارے لہو کی ہر اک بوند میں ایک معصوم جذبہ ہمکنے لگا ہے
تمھارے مہکتے ہوئے سرخ ہونٹوں پہ محبوس پنچھی چہکنے لگا ہے
مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے
بہار آئی ہے گلستاں جل رہا ہے
تمھارے سراپا میں اک پیکر رنگ و بو ڈھل رہا ہے
یہ کیا بات ہے
دیکھتے دیکھتے کیا سے کیا ہو گئی ہو
یہ کس لذت کرب سے آشنا ہو گئی ہو
کہ میری نظر میں خدا ہو گئی ہو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.