چراغ گل کئے بیٹھا ہوں دل جلوں کی طرح
چراغ گل کئے بیٹھا ہوں دل جلوں کی طرح
میں اپنے گھر میں ہوں لیکن مسافروں کی طرح
نشان جس کی سلاسل کے میرے جسم پہ ہیں
الجھ پڑا ہوں اسی سے میں سرپھروں کی طرح
مآل کار گریباں پہ ہاتھ جا پہنچا
میں جی سکا نہ بہت دیر بے دلوں کی طرح
جو خاک رہ کی طرح مجھ کو روند روند گیا
اسی کے پاؤں سے ابھرا ہوں آبلوں کی طرح
وہ جس کے نغموں سے معمور تھی فضا ساری
وہ بس گیا مرے کانوں میں آہٹوں کی طرح
ہوا چلی تھی کچھ ایسی اماں نہ ملتی تھی
ہوئے تھے شہر بھی سنسان جنگلوں کی طرح
جہاں سے مانگتی پھرتی ہیں اب سہاگ کی بھیک
وہ وادیاں کہ دمکتی تھیں دلہنوں کی طرح
یہ راستے کبھی بے نور ہو نہیں سکتے
درخت جلتے ہیں شہزادؔ مشعلوں کی طرح
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.