راحت کا مقدور کہاں تھا غم ہی گوارا ہو جاتا
راحت کا مقدور کہاں تھا غم ہی گوارا ہو جاتا
زیست کا کوئی پہلو تو جینے کا سہارا ہو جاتا
وحشت کی ایک ایک ادا میں حسن بہاراں ارزاں تھا
عہد خزاں میں در پردہ ہی کوئی اشارا ہو جاتا
کوئی نفس تو عنواں بنتا ذوق ثبات ہستی کا
دم ہی لبوں پر آتے آتے نام تمہارا ہو جاتا
مجھ کو گوارا اپنی حیات غم کی اک اک محرومی
کاش ہر اک محرومی کا احساس گوارا ہو جاتا
ایک نگاہ لطف سے کیا کچھ ضبط کی قوت بڑھ جاتی
پرسش غم سے اور تو کیا ہاں دل کو سہارا ہو جاتا
عالم یہ احساس نظر کا خود بھی نظر پر بار ہیں ہم
دل کہتا ہے حشر تجلی کوئی نظارا ہو جاتا
ترک تمنا پر دل تنہا کیا کیا غم آمادہ ہے
پھر بھی یہ ارمان ہے تابشؔ کوئی ہمارا ہو جاتا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.