تمہاری یاد میں ہر ذرۂ دل دل نظر آیا
تمہاری یاد میں ہر ذرۂ دل دل نظر آیا
سکون دل کا ملنا اب بڑا مشکل نظر آیا
طواف کوئے جاناں زیست کا حاصل نظر آیا
مٹے اس سنگ در پر سر اسی قابل نظر آیا
تلاطم خیز طوفانوں سے ٹکراتے رہے ہر دم
ڈبو دی ہم نے خود کشتی جوں ہی ساحل نظر آیا
نگاہ ناز کے جلوؤں کی رعنائی معاذ اللہ
کوئی بسمل نظر آیا کوئی گھائل نظر آیا
جبین شوق نے خود آستان حسن کو ڈھونڈا
کمال حسن سے ہی عشق ہے کامل نظر آیا
تمہاری آنکھ سے دیکھا تمہیں تو اٹھ گیا پردہ
ہماری آنکھ کو جلوہ ترا حائل نظر آیا
نظام میکدہ واصفؔ بدلنے کے قریب آیا
اندھیری رات میں ہم کو مہ کامل نظر آیا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.