غزل کے ساز اٹھاؤ بہت اداس ہے رات
غزل کے ساز اٹھاؤ بہت اداس ہے رات
نوائے میرؔ سناؤ بہت اداس ہے رات
نوائے دردؔ میں اک زندگی تو ہوتی ہے
نوائے دردؔ سناؤ بہت اداس ہے رات
اداسیوں کے جو ہم راز و ہم نفس تھے کبھی
انہیں نہ دل سے بھلاؤ بہت اداس ہے رات
جو ہو سکے تو ادھر کی بھی راہ بھول پڑو
صنم کدے کی ہواؤ بہت اداس ہے رات
کہیں نہ تم سے تو پھر اور جا کے کس سے کہیں
سیاہ زلف کے سایو بہت اداس ہے رات
تمہیں قسم ہے قسم نیم وا نگاہوں کی
مژہ نہ اور جھکاؤ بہت اداس ہے رات
پڑا ہے سایۂ غم جب حیات انساں پر
وہ داستاں بھی سناؤ بہت اداس ہے رات
ابھی تو ذکر سحر دوستو ہے دور کی بات
ابھی تو دیکھتے جاؤ بہت اداس ہے رات
سنا ہے پہلے بھی ایسے میں بجھ گئے ہیں چراغ
دلوں کی خیر مناؤ بہت اداس ہے رات
دیے رہو یونہی کچھ اور دیر ہاتھ میں ہاتھ
ابھی نہ پاس سے جاؤ بہت اداس ہے رات
کوئی شمار بھی رکھتی ہیں ظلمتوں کی تہیں
بتاؤ غم کی گھٹاؤ بہت اداس ہے رات
کوئی کہو یہ خیالوں سے اور خوابوں سے
دلوں سے دور نہ جاؤ بہت اداس ہے رات
کرو جو غور تو رد و قبول یکساں ہیں
دلوں سے نکلی دعاؤ بہت اداس ہے رات
یگانگی ہو کہ بے گانگی ہو سب دھوکا
سنو سب اپنو پرایو بہت اداس ہے رات
سمیٹ لو کہ بڑے کام کی ہے دولت غم
اسے یونہی نہ گنواؤ بہت اداس ہے رات
بسے ہوئے ہیں کسی کے جو لمس رنگیں سے
وہ بسترے نہ لگاؤ بہت اداس ہے رات
اسی کھنڈر میں کہیں کچھ دیے ہیں ٹوٹے ہوئے
انہیں سے کام چلاؤ بہت اداس ہے رات
تمدنوں کے وہ دن رات ہو گئی جن کی
کچھ ان کے حال بتاؤ بہت اداس ہے رات
لیے ہوئے ہیں جو بیتے غموں کے افسانے
وہ زندگی ہی بلاؤ بہت اداس ہے رات
بھرم نشاط و طرب کے نہ اور کھل جائیں
مے و ایاغ بڑھاؤ بڑی اداس ہے رات
کبھی تمہارے یہاں بھی ہوئی ہے رات ایسی
مقدروں کے خداؤ بہت اداس ہے رات
دو آتشہ نہ بنا دے اسے نوائے فراقؔ
یہ ساز غم نہ سناؤ بہت اداس ہے رات
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.