وہ نہیں ملا تو ملال کیا جو گزر گیا سو گزر گیا
وہ نہیں ملا تو ملال کیا جو گزر گیا سو گزر گیا
اسے یاد کر کے نہ دل دکھا جو گزر گیا سو گزر گیا
نہ گلہ کیا نہ خفا ہوئے یونہی راستے میں جدا ہوئے
نہ تو بے وفا نہ میں بے وفا جو گزر گیا سو گزر گیا
تجھے اعتبار و یقیں نہیں نہیں دنیا اتنی بری نہیں
نہ ملال کر مرے ساتھ آ جو گزر گیا سو گزر گیا
وہ غزل کی کوئی کتاب تھا وہ گلوں میں کوئی گلاب تھا
ذرا دیر کا کوئی خواب تھا جو گزر گیا سو گزر گیا
مجھے پت جھڑوں کی کہانیاں نہ سنا سنا کے اداس کر
تو خزاں کا پھول ہے مسکرا جو گزر گیا سو گزر گیا
وہ اداس دھوپ سمیٹ کر کہیں وادیوں میں اتر چکا
اسے اب نہ دے مرے دل صدا جو گزر گیا سو گزر گیا
یہ سفر بھی کتنا طویل ہے یہاں وقت کتنا قلیل ہے
کہاں لوٹ کر کوئی آئے گا جو گزر گیا سو گزر گیا
کوئی فرق شاہ و گدا نہیں کہ یہاں کسی کو بقا نہیں
یہ اجاڑ محلوں کی سن صدا جو گزر گیا سو گزر گیا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.