کیونکر یہ کہیں اس ظالم کے ظلم اور ستم ہم سہہ نہ سکے
کیونکر یہ کہیں اس ظالم کے ظلم اور ستم ہم سہہ نہ سکے
دھرم پال گپتا وفا دہلوی
MORE BYدھرم پال گپتا وفا دہلوی
کیونکر یہ کہیں اس ظالم کے ظلم اور ستم ہم سہہ نہ سکے
لیکن لب پر اف آ ہی گئی آخر ہم چپ بھی رہ نہ سکے
دل اور زباں پر قابو کیا الفت کی نظر کیا چھپتی ہے
پر شوق نگاہوں نے کہہ دی وہ بات جو منہ سے کہہ نہ سکے
عاشق کو ہو مطلب صبر سے کیا الفت کو سکوں سے کیا نسبت
حیف اس کشتیٔ عقل پہ جو جذبات کی رو میں بہہ نہ سکے
اشک آتے تمہاری آنکھوں میں دنیا تہ و بالا ہو جاتی
اچھا ہی ہوا افسانۂ غم تم سن نہ سکے ہم کہہ نہ سکے
بیماریٔ غم نے وقت سحر گل کر دی شمع حیات آخر
کیا کرتے ہم انساں ہی تو تھے رنج شب فرقت سہہ نہ سکے
سمجھے تھے بہت کچھ کہنا ہے کہنے کی بہت سی باتیں ہیں
وہ آئے بھی اور چل بھی دیئے کچھ منہ سے مگر ہم کہہ نہ سکے
دشمن کو وفا سے کیا نسبت گھبرائے ہوئے کیوں پھرتے ہو
آ جاؤ ہماری آنکھوں میں گر غیر کے دل میں رہ نہ سکے
تنگ آ کے تمناؤں سے وفاؔ اب چاہتا ہوں دل میں اپنے
کوئی بھی تمنا آ نہ سکے کوئی بھی تمنا رہ نہ سکے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.