وہ مجسم مری نگاہ میں ہے
وہ مجسم مری نگاہ میں ہے
اک جھلک جس کی مہر و ماہ میں ہے
کیا کشش حسن بے پناہ میں ہے
جو قدم ہے اسی کی راہ میں ہے
میکدے میں نہ خانقاہ میں ہے
میری جنت تری نگاہ میں ہے
پائے وہ راز غم کہ جو اب تک
مرے دل میں تری نگاہ میں ہے
ڈگمگانے لگے ہیں پائے طلب
دل ابھی ابتدائے راہ میں ہے
عشق میں کیسی منزل مقصود
وہ بھی اک گرد ہے جو راہ میں ہے
میرے پندار عشق پر مت جا
یہ ادا ناز گاہ گاہ میں ہے
نقش حیرت ہے آج حسن بھی خود
کون یہ عشق کی نگاہ میں ہے
مستیٔ چشم یار کیا کہئے
مے تو کیا میکدہ نگاہ میں ہے
اللہ اللہ اتحاد مذاق
عالم دل بھی اب نگاہ میں ہے
حسن کو بھی کہاں نصیب جگرؔ
وہ جو اک شے مری نگاہ میں ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.