درد کو ہم اشک میں اپنے بہاتے ہی نہیں
درد کو ہم اشک میں اپنے بہاتے ہی نہیں
حال دل ہم آج کل سب کو بتاتے ہی نہیں
وقت نے بخشا ہے ہم کو ضبط کا ایسا ہنر
اب کسی الزام پر ہم تلملاتے ہی نہیں
آپ کو لگتا ہے اب بھی ہم منائیں گے حضور
ہم خفا لوگوں کو اتنا سر چڑھاتے ہی نہیں
رہنمائی کا دکھاوا چاہے جتنا تم کرو
ہم کسی جھوٹے دلاسے میں اب آتے ہی نہیں
اپنی قیمت جو گنوا دے اس سے کیسا واسطہ
ہم گرے سکے دوبارہ پھر اٹھاتے ہی نہیں
جن چراغوں نے ہمیشہ تیرگی کا دم بھرا
ہم انہیں سے اپنے گھر کو جگمگاتے ہی نہیں
قد بڑھانے کا ہنر اتنا تو آتا ہے ہمیں
چڑھ کے کاندھے پر کسی کے قد بڑھاتے ہی نہیں
ہم اٹھاتے ہی نہیں مطلب پرستی کی فصیل
فائدے کی چھاؤں میں رشتہ بناتے ہی نہیں
مونیکاؔ کچھ فاصلے تہذیب کی پہچان ہیں
ہر کسی کو ہم گلے اپنے لگاتے ہی نہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.