شعبدہ تھا یا حقیقت ذہن تاریکی میں تھا
شعبدہ تھا یا حقیقت ذہن تاریکی میں تھا
جل رہا ہے آگ میں جنگل دھواں پانی میں تھا
سبز ٹہنی پر جما تھا قطرۂ خون گلاب
لوگ یہ سمجھے کہ سونے کا اثر مٹی میں تھا
جنبش موج ہوا سے چھڑ گیا ساز شمیم
ورنہ ہر گل مضطرب زندان خاموشی میں تھا
کھل گئیں جب انگلیاں کتنی پشیمانی ہوئی
بند اک پھیلا ہوا صحرا مری مٹھی میں تھا
بزم میں آ کر بجھا میری طبیعت کا چراغ
میں کہ صدیوں سے فروزاں کنج تنہائی میں تھا
چھو لیا جب میں نے وہ پیکر تو میلا ہو گیا
اب کھلا یہ راز چاہت کا مزا دوری میں تھا
میں نے جب صدیقؔ دوڑائی زمانوں پر نظر
اک جہاں سمٹا ہوا لمحے کی پہنائی میں تھا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.