ہستی فنا میں ہے کہ بقا میں پتا ملے
ہستی فنا میں ہے کہ بقا میں پتا ملے
ہم جوئے کہسار تھے دریا میں جا ملے
جاؤں کدھر کہ دشت تمنا میں ہر طرف
مجھ کو خود اپنے نقش قدم جا بجا ملے
ہر بار ان سے پہلی ملاقات کا گماں
ہر مرتبہ یہ وہم کہ ہم بارہا ملے
دل ساز درد و غم ہی سہی چھیڑ کر تو دیکھ
ممکن ہے اس میں تجھ کو خود اپنی صدا ملے
ہم کو حرم میں بھی نہ رہا بندگی کا ہوش
ڈھونڈا کئے کہ ان کا کہیں نقش پا ملے
میں اور جمال دوست کی توہین الاماں
کیسے کہوں کہ اک دل بے مدعا ملے
یادوں کا سلسلہ ہے کہ اشک رواں ظفرؔ
تھے کیسے کیسے دوست جو مٹی میں جا ملے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.