یہ لٹی ہوئی سی بہار کیوں ہے کہاں وہ جان بہار ہے
یہ لٹی ہوئی سی بہار کیوں ہے کہاں وہ جان بہار ہے
یہ چمن سے کون چلا گیا کہ کلی کلی کو فشار ہے
تجھے مرحبا کہ دل فگار بہ حال زار و نزار ہے
ترے درد عشق کو آفریں مری زندگی مجھے بار ہے
یہ انیس غم کدۂ قفس ہے عزیز جاں مجھے ہم نفس
دل داغدار غم بہار میں یادگار بہار ہے
تمہیں جاں فروز بنا کے جس نے جہاں فروز بنا دیا
وہ فروغ بزم جمال کون ہے عشق نادرہ کار ہے
ترے باغ میں ہے بہار تجکو مبارک اے مرے باغباں
جو کھبا ہے میری نظر میں پھول وہ انتخاب بہار ہے
غم آشیاں مرے بال و پر کے قفس کو پھونک نہ دے کہیں
یہ نوید مرگ ہے ہم قفس کہ چمن میں جوش بہار ہے
میں بہار عمر کو سوگوار بہار بن کے گزار دوں
تری یہ رضا ہے تو اس رضا پہ بہار عمر نثار ہے
نہیں اس میں شک کوئی تاجورؔ کہ تڑپ ہے تیرے کلام میں
مگر اس میں تیرا کمال کیا غم دوست درد نگار ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.