موج خوں
مجھے قتل کر کے کہاں جا رہے ہو
ذرا اپنا دامن تو دیکھو
بہاروں کا پیغام لائے ہو یا تم نے ہولی منائی ہے
میرے لہو سے
یہ خوں میں نہایا ہوا تیز خنجر
جسے تم نے ہاتھوں کا زیور بنایا تھا
اب خاک پر لوٹتا ہے
مری شاہ رگ کاٹ کر
میری حسرت زدہ لاش پر قطرہ قطرہ لہو رو رہا ہے
یہی میرا مونس ہے اب اور دشمن تمہارا
بڑھاؤ ذرا ہاتھ اس کو اٹھا لو
مگر ہاتھ کیوں کانپتے ہیں تمھارے
تمھارے لبوں پر
یہ کیوں دشنۂ خونچکاں کی طرح پپڑیاں جم گئی ہیں لہو کی
چھپا لو یہ خنجر
مگر اپنے یخ بستہ ہونٹوں کی خوں رنگ تحریر
کب تک چھپاتے پھرو گے
لبوں پر زباں پھیر کر مسکرانے سے کچھ بھی نہ ہوگا
تمہاری ریاکار آنکھوں کے ان آئینوں سے نکل کر
میں اپنی کہانی سناتا رہوں گا
تمھارے قفس رنگ مقتل میں مدفون روحوں کو
پرہول خوابوں کی تاریک وادی سے
دن کے اجالے میں واپس بلاتا رہوں گا
مجھے قتل کر کے کہاں جا رہے ہو
ذرا اپنے دل میں تو جھانکو
وہی میرا مونس وہی خون آشام خنجر
وہاں تیر کی طرح پیوست ہے یا نہیں ہے
میں زندہ ہوں تم مر چکے ہو
میں زندہ ہوں تم مر چکے ہو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.