دوزخ
ظلمت کا دربار سجا تو
سورج کی خیرات سے روشن ہونے والی ساری آنکھیں
پل میں ہو گئیں کور
پچھم کی تاریکی میں دل ڈوب گئے
اور ٹوٹ گئے سب زور
بہتوں کو معلوم ہوئی اس شب اپنی اوقات
دل کے اندر مدت سے جو کھٹک رہی تھی
آج کھلی وہ بات
شب کے سناٹے میں گویا خوابیدہ تھا
دنیا بھر کا شور
کان پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی
راہ سجھائی نہ دیتی تھی
چاہ عمیق اور اگلے قدم میں کتنا بعد ہے
تھا کس کو معلوم
رستے سارے بند گلی میں کھلتے تھے
اور منزل تھی معدوم
روشنیاں ممنوع ہوئی تھیں
تاروں کی مدھم سی لو اور اس معتوب جزیرے کے مابین تنی تھی
ایک گھٹا گھنگھور
شہر فنا کی بے حالی پر اشک فشاں تھا بادل بھی اس رات
دل میں گھٹ کے
چپکے چپکے سسک رہا تھا سب کے دل کا چور
جیون نرک بنا اور ہو گیا مرنا بھی دشوار
نت رہنے والی چنتا تھی ظلمت کا دربار
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.