میری پہچان
میں سمجھتا تھا کہ تنہا ہوں میں
اور اس دشت پر آشوب میں میری ہستی
ایک ویرانہ ہے بے آب و گیاہ
پھول کھلتے ہیں نہ آتی ہے بہار
لیکن اس ہیئت بے رنگ کو
تصویر خزاں بھی تو نہیں کہہ سکتے
میری تنہائی کی پریوں کا نشیمن ہے یہی
ہر پری آ کے لبھاتی ہے مجھے
دور بھی رہتی ہے نزدیک بھی آ جاتی ہے
اور دلہن بن کے مجھے کرتی ہے سر مست نشاط
دیکھتے دیکھتے ہی
سونا آسن مری تنہائی کا بن جاتا ہے گلزار خیال
لیکن اک بار جو وقت
آ کے دے جاتا ہے دستک دل پر
چاہ تنہائی میں ہو جاتا ہوں فی الفور اسیر
پھر وہی گرم ہوا پھر وہی صحرائے مہیب
بس یہ پہچان ہے میری
کہ نکلتا ہوں کبھی خول سے باہر
کبھی چھپ جاتا ہوں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.