جنگل
روشنیاں
رنگ کی لہروں پہ رواں
رقص کناں
ساز و آواز کا رقص
مستی و ناز کا رقص
یہ فسوں کاری انداز و ادا
یہ خم و پیچ کا لہراتا خروش
دائرے بنتی ہوئی موج بدن
تیر انداز کمانوں کی لچک
گول اٹھانوں کی لچک
ہر قدم چاند کی شاخوں کا جھکاؤ
آسماں اور زمیں ملتے ہوئے
خط افق ایک لچک
بدلیاں لہراتی ہوئی
مرمری نرم ڈھلانوں کا بہاؤ
ساز کی لہر پہ اٹھتا ہوا بے کل طوفاں
لرزاں پیچاں
جھومتے جھکتے سنبھلتے ہوئے اشجار کی ناؤ
بادباں اڑتے ہوئے کھلتے ہوئے
سیب ہلتے ہوئے ٹکراتے ہوئے
ندیاں پگھلی ہوئیں
سرسراتے ہوئے جنگل کی مہک
سانپ پھنکارتے بل کھاتے ہوئے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.