اب لگنے لگی مجھ کو بھی بیکار یہ دنیا
اب لگنے لگی مجھ کو بھی بیکار یہ دنیا
ہر موڑ پہ جیسے کہ ہو دیوار یہ دنیا
ڈرتے ہیں اسی بات سے ہم اہل وفا لوگ
ہم کو نہ سمجھ لے کہیں غدار یہ دنیا
سینچی ہے زمیں لوگوں نے بچوں کے لہو سے
اس بات سے کیسے کرے انکار یہ دنیا
انصاف نہ ملنے پہ بھی یہ رہتی ہے خاموش
ہے کافی دنوں سے بڑی بیمار یہ دنیا
میں دیکھتا ہوں جب کسی اخبار کی جانب
لگتا ہے کہ لاشوں کا ہے بازار یہ دنیا
برسوں سے وہاں اٹھتی ہیں چیخوں کی صدائیں
کر آئی تھی جو گھر کبھی مسمار یہ دنیا
پھولوں کی طرف بڑھنے کی ہمت نہیں کرتے
دے دیتی ہے جن ہاتھوں میں ہتھیار یہ دنیا
ظالم کی طرف داری میں مصروف ہے ہر دم
اے کاش ہو مظلوم کی غم خوار یہ دنیا
کیوں اس کی ہی راہوں میں بچھا دیتی ہے کانٹے
جس شخص سے کرتی ہے بہت پیار یہ دنیا
یہ بات ملاذؔ آپ کو رکھنا ہے صدا یاد
کھا جاتی ہے اچھے بھلے فنکار یہ دنیا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.