لب و دنداں زنخداں پر غزل کہنا قیامت ہے
لب و دنداں زنخداں پر غزل کہنا قیامت ہے
خیال زلف یاراں پر غزل کہنا قیامت ہے
رخ تابان جاناں پر غزل کہنا قیامت ہے
سیہ زلف پریشاں پر غزل کہنا قیامت ہے
تمہاری تیغ ابرو ہیں مری غزلوں کے دو مصرعے
تمہاری چشم حیراں پر غزل کہنا قیامت ہے
خم و ساغر پریشاں ہیں شراب ناب ہے حیراں
تری چشم غزالاں پر غزل کہنا قیامت ہے
کسی کے ہجر میں جلنا کبھی آنسو بہا دینا
پگھلتی شمع ارماں پر غزل کہنا قیامت ہے
تجلی نور کی بس حضرت موسیٰ پہ کی ظاہر
چراغ زیر داماں پر غزل کہنا قیامت ہے
تمھارے لام نستعلیق یا کوئی شب ہجراں
تمھارے تیر مژگاں پر غزل کہنا قیامت ہے
لبوں کو کوثر و تسنیم لکھنا یوں تو آساں ہے
جمال ماہ کنعاں پر غزل کہنا قیامت ہے
گلاب و اخگر و یاقوت آخر میں کہوں کیا کیا
ترے لعل بدخشاں پر غزل کہنا قیامت ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.