جب ہوں گے خاص و عام کے کردار سرخ سرخ
جب ہوں گے خاص و عام کے کردار سرخ سرخ
پھر کیوں نہ ہوں گے دور کے اخبار سرخ سرخ
جس سمت اس کا گھر تھا مرے گھر سے منسلک
اب بھی ہیں اس کی سمت کی دیوار سرخ سرخ
اتنا شدید رنج تھا مجھ کو کہ ہو گئے
اشکوں سے میرے زانوئے غم خوار سرخ سرخ
اک پھول توڑتے ہوئے کانٹا لگا انہیں
ہیں آج گل کے خوں سے لب خار سرخ سرخ
کاٹا نہیں تھا جن کو ثمر بار دیکھ کر
ہیں وہ تمام شاخ ثمر بار سرخ سرخ
موسوم کر کے وقت گزاری سے عشق کو
کیوں آپ نے کیا دل بیمار سرخ سرخ
صفدرؔ یہ خون دل ہے یا ہے کوئی رنگ گل
یا پھر ہیں فطرتاً ہی لب یار سرخ سرخ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.