فیض کی شاعری جذبات اور احساسات کو نیا پیکر عطا کرتی ہے۔ ان کی نظموں اور غزلوں میں فکر و فلسفے کی خشک بیانی کے بجائے احساس کے لطیف پیکر نظر آتے ہیں۔ فیض کی شاعری کے بے شمار گوشے ہیں، لیکن ان کے یہاں 'رنگ' بالخصوص 'سرخی' کی اہمیت نمایاں ہے۔ انھوں نے سرخ رنگ اور اس سے مماثل اشیاء کو اپنی شاعری کا لازمی جزو بنایا ہے۔
پھول، لالہ، ارغواں، مئے، ہونٹ اور عارض کی سرخی جیسی ترکیبوں سے فیض نے اپنی شاعری میں ایک لہکتا جہان آباد کیا ہے۔ یہ جہات 'گل رنگ تمثال' کے ذیل میں آتی ہیں۔ فیض کے یہاں رنگ محض بصری تجربہ نہیں بلکہ مکمل حسی اور جذباتی کیفیت ہے۔ وہ محبوب کے سراپے اور فطرت کے مناظر کو رنگوں کی مدد سے اس طرح پیش کرتے ہیں کہ قاری سحر میں گرفتار ہو جاتا ہے۔
رنگ پیراہن کا، خوشبو زلف لہرانے کا نام
موسم گل ہے تمھارے بام پر آنے کا نام
اس شعر میں فیض نے محبوب کے رنگِ پیرہن اور زلف کی خوشبو سے عاشق کے لیے موسم بہار کی تشکیل کی ہے۔ شاعر کا تخیل ہے کہ پھول کا رنگ اور خوشبو محبوب میں موجود ہیں، اور زلف کی خوشبو اور پیرہن کے رنگ نے موسم گل کا دلکش ماحول پیدا کر دیا ہے۔
کلاسیکی شاعری میں میر، مصحفی اور حسرت نے بھی پیرہن کی رنگینی کا ذکر کیا ہے، لیکن فیض ان روایتی استعاروں کو نئی جہت دیتے ہیں۔ وہ محبوب کے ہونٹوں کی صفات بیان کرتے ہوئے رنگوں کی ایسی محفل سجاتے ہیں جو قاری کے ذہن پر انمٹ نقوش چھوڑتی ہے۔
وہ ہونٹ فیض سے جن کے بہار لالہ فروش
بہشت و کوثر و تسنیم و سلسبیل بدوش
یہاں بہار کی رنگینی اور لالہ فروشی کو محبوب کے ہونٹوں کا فیض قرار دیا گیا ہے۔ یہ محض روایتی تعریف نہیں بلکہ حسن کی ایسی تصویر کشی ہے جس میں تخیل اور جمالیاتی ذوق عروج پر ہیں۔ فیض کے تراشے ہوئے یہ بصری پیکر انسانی جذبات کو گہرائی سے چھوتے ہیں۔
شام گلنار ہوئی جاتی ہے دیکھو تو سہی
یہ جو نکلا ہے لیے مشعلِ رخسار ہے کون
اس شعر میں شام کا گلنار ہونا کسی کی 'مشعلِ رخسار' کے سبب ہے۔ یہ ترکیب عارضِ محبوب کی سرخی اور شدت کو ظاہر کرتی ہے۔ فیض کی شاعری میں 'سرخی' کا جدا کیا جانا گوشت سے ناخن جدا کرنے جیسا ہے۔ ان کی پیکر تراشی محض ذہنی ورزش نہیں بلکہ موضوعی ہو کر ہمارے باطن کا حصہ بن جاتی ہے۔
