دم بہ دم گردش حالات کا مطلب کیا ہے
دم بہ دم گردش حالات کا مطلب کیا ہے
بزم ہستی میں سوالات کا مطلب کیا ہے
ہجر کہتے ہیں کسے وصل کا مطلب کیا ہے
درد کیا شے ہے عنایات کا مطلب کیا ہے
تھم گئے آنکھ کی دہلیز پہ آ کر آنسو
یاد ہے ان کو روایات کا مطلب کیا ہے
پا بہ زنجیر سہی رقص کریں گے ہم لوگ
عشق میں قید و حوالات کا مطلب کیا ہے
چاک داماں ہی سہی خاک بداماں ہی سہی
جانتے ہیں کہ خرابات کا مطلب کیا ہے
اب نہ ساقی ہے نہ ساغر ہے نہ مے خانہ ہے
لوگ کیا جانیں عبادات کا مطلب کیا ہے
سجدۂ شوق تو مدہوش ہی کر سکتا ہے
خشک ماتھوں پہ نشانات کا مطلب کیا ہے
ہم فقیران محبت ہیں بتا سکتے ہیں
منزل شوق و مقامات کا مطلب کیا ہے
کتنے نمرود ہیں دنیا میں نشان عبرت
کون سمجھائے مکافات کا مطلب کیا ہے
ایک ہی عہد تمدن ہے کہ جس میں اکرمؔ
چرخ نے دیکھا مواخات کا مطلب کیا ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.