زخم تنہائی میں خوشبوئے حنا کس کی تھی
زخم تنہائی میں خوشبوئے حنا کس کی تھی
سایہ دیوار پہ میرا تھا صدا کس کی تھی
آنسوؤں سے ہی سہی بھر گیا دامن میرا
ہاتھ تو میں نے اٹھائے تھے دعا کس کی تھی
وقت کی طرح دبے پاؤں یہ کون آیا تھا
میں اندھیرا جسے سمجھا وہ قبا کس کی تھی
میری آہوں کی زباں کوئی سمجھتا کیسے
زندگی اتنی دکھی میرے سوا کس کی تھی
اس کی رفتار سے لپٹی رہیں میری آنکھیں
اس نے مڑ کر بھی نہ دیکھا کہ وفا کس کی تھی
آگ سے دوستی اس کی تھی جلا گھر میرا
آئنہ کس کا ہوا چور ادا کس کی تھی
میں نے بینائیاں بو کر بھی اندھیرے کاٹے
شہر میرا تھا مگر آب و ہوا کس کی تھی
چھوڑ دی کس کے لیے تو نے مظفرؔ دنیا
جستجو سی تجھے ہر وقت بتا کس کی تھی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.