ہوائے شب تو نہ تھی صرف خشک پتے تھے
ہوائے شب تو نہ تھی صرف خشک پتے تھے
جو ٹوٹ ٹوٹ کے ہجر شجر پہ روئے تھے
ابھی ابھی تمہیں سوچا تو کچھ نہ یاد آیا
ابھی ابھی تو ہم اک دوسرے سے بچھڑے تھے
تمہارے بعد چمن پر جو اک نظر ڈالی
کلی کلی میں خزاں کے چراغ جلتے تھے
ہم اک نگاہ کے مجرم کہیں خدا سے تو کیا
تمہی کہو کہ یہ تم تھے جو دل میں اترے تھے
تمام عمر وفا کے گناہگار رہے
یہ اور بات کہ ہم آدمی تو اچھے تھے
ہمارے ذہن پہ پتھراؤ بے سبب تو نہ تھا
کہ ہم نے تیرہ دلوں سے ستارے مانگے تھے
یہ فخر بھی تو بہت تھا کہ جو ہنسے ہم پر
وہ کوئی غیر نہیں تھے تمام اپنے تھے
کسی کا جسم حسیں تھا کسی کی روح حسیں
غرض یہاں کے سب انسان حسن پارے تھے
شب خموش کو تنہائی نے زباں دے دی
پہاڑ گونجتے تھے دشت سنسناتے تھے
وہ ایک بار مرے جن کو تھا حیات سے پیار
جو زندگی سے گریزاں تھے روز مرتے تھے
نئے خیال اب آتے ہیں ڈھل کے آہن میں
ہمارے دل میں کبھی کھیت لہلہاتے تھے
اب ایک شخص جو خوش ہے تو صرف وہ خوش ہے
وہ دردمند بھی تھے جن سے درد بٹتے تھے
یہ ارتقا کا چلن ہے کہ ہر زمانے میں
پرانے لوگ نئے آدمی سے ڈرتے تھے
ندیمؔ جو بھی ملاقات تھی ادھوری تھی
کہ ایک چہرے کے پیچھے ہزار چہرے تھے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.