عشق میں رنگیں جوانی ہو گئی
عشق میں رنگیں جوانی ہو گئی
زندگانی زندگانی ہو گئی
تم جو یاد آئے تو ساری کائنات
ایک بھولی سی کہانی ہو گئی
موت سمجھا تھا میں الفت کو مگر
وہ حیات جاودانی ہو گئی
خونفشاں تھے سب مرے زخم جگر
ہنس پڑے تم گلفشانی ہو گئی
ان کی آنکھیں دیکھ کر اپنی نظر
کاشف راز نہانی ہو گئی
چلتے چلتے ان کی تیغ آب دار
موج آب زندگانی ہو گئی
پھر ہے دل سرگرم نالہ شام سے
رات پھر اپنی سہانی ہو گئی
خامشی سے کھل گئے اسرار حق
سوز جاں اک بے زبانی ہو گئی
ہم نے جس دنیا کو دیکھا تھا جلیلؔ
آج وہ قصہ کہانی ہو گئی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.