میری تصویر میں رنگ اور کسی کا تو نہیں
میری تصویر میں رنگ اور کسی کا تو نہیں
گھیر لیں مجھ کو سب آنکھیں میں تماشا تو نہیں
زندگی تجھ سے ہر اک سانس پہ سمجھوتا کروں
شوق جینے کا ہے مجھ کو مگر اتنا تو نہیں
چہرہ دیکھوں تو خد و خال بدل جاتے ہیں
چھپ کے آئینے کے پیچھے کوئی بیٹھا تو نہیں
کس کی مٹی کو نچاتے ہیں ہواؤں کے بھنور
کوئی آوارہ وحشت ہے بگولا تو نہیں
روح کو درد ملا درد کو آنکھیں نہ ملیں
تجھ کو محسوس کیا ہے تجھے دیکھا تو نہیں
میری آنکھوں میں ترے نقش قدم کیسے ہیں
اس سرائے میں مسافر کوئی ٹھہرا تو نہیں
سوچتے سوچتے دل ڈوبنے لگتا ہے مرا
ذہن کی تہ میں مظفرؔ کوئی دریا تو نہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.