جون ایلیا نے غزل کے ساتھ نظم اور قطعہ نگاری میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا یہ شعری سرمایہ سنجیدہ اور معتبر شاعری کی عمدہ مثال ہے۔ ناقدین کے نزدیک معتبر شاعری وہ ہے جہاں شدید جذبات عظیم خیالات کے سائے میں پرتاثیر زبان کی مدد سے وجود میں آئیں۔ اس تعریف کی کسوٹی پر جون ایلیا کی شاہکار نظم 'درختِ زرد' پوری اترتی ہے۔ ساڑھے چار سو سے زائد مصرعوں پر محیط یہ طویل نظم کئی تخلیقی جہات کی حامل ہے، جس میں مرکزی موضوع کے ساتھ بے شمار ذیلی موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
فنی اعتبار سے اس نظم میں جون نے کئی تجربات کیے ہیں، جن میں مختلف مقامات پر بحروں کی تبدیلی نمایاں ہے۔ طویل اور مختصر بحروں کے اس فنکارانہ امتزاج نے نظم کی روانی میں ایک سیمابی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ بظاہر یہ نظم جون نے اپنے بیٹے 'زریون' کو مخاطب کر کے لکھی ہے، لیکن اس کا کینوس محض پدرانہ جذبات تک محدود نہیں ہے۔ یہ نظم تاریخ انسانی کا ایک ایسا روزن ہے جس سے تہذیب و ثقافت، فکر و فلسفہ اور مذہب کی جھلکیاں دکھائی دیتی ہیں۔ جون نے ایک انتہائی ذاتی موضوع کو ایسی ہمہ گیریت عطا کی ہے جس میں انسانی تمدن کی تاریخ سمٹ آئی ہے۔
نظم کے آغاز میں جون، زریون کو مخاطب کر کے اس کی ممکنہ محبت کا ذکر کرتے ہیں، لیکن درحقیقت وہ اپنے بیٹے کے محبوب سے جن توقعات کا اظہار کر رہے ہیں، وہ ان کی اپنی رودادِ عشق کا بیان ہے۔ محبت میں ناکامی جون کی زندگی کا ایک بڑا المیہ تھی، جس نے ان کے افکار کو ایک مخصوص نہج پر ڈال دیا تھا۔ وہ اپنے ذاتی کرب کو اس شعر میں یوں بیان کرتے ہیں:
گماں یہ ہے تمہاری بھی رسائی نا رسائی ہو
وہ آئی ہو تمہارے پاس لیکن آ نہ پائی ہو
جوں جوں یہ نظم ارتقائی منازل طے کرتی ہے، اس کا بیانیہ باپ کے جذبات کے دائرے سے نکل کر اس قدر وسعت اختیار کر لیتا ہے کہ یہ کائنات کے اسرار و رموز کا مرقع بن جاتی ہے۔ جون نے اس نظم کو دنیائے ارضی کا ایک ایسا 'منی ایچر' بنا دیا ہے جس کے ذریعے قاری انسانی سماج کی بوالعجبیوں کا گہرا مشاہدہ کر سکتا ہے۔ یہ نظم سماجی حقائق کی بہترین ترجمانی کرتی ہے۔
