دنیا بنی تو حمد و ثنا بن گئی غزل
دنیا بنی تو حمد و ثنا بن گئی غزل
اترا جو نور نور خدا بن گئی غزل
گونجا جو ناد برہم بنی رقص مہر و ماہ
ذرے جو تھرتھرائے صدا بن گئی غزل
چمکی کہیں جو برق تو احساس بن گئی
چھائی کہیں گھٹا تو ادا بن گئی غزل
آندھی چلی تو قہر کے سانچے میں ڈھل گئی
باد صبا چلی تو نشہ بن گئی غزل
حیواں بنے تو بھوک بنی بے بسی بنی
انساں بنے تو جذب وفا بن گئی غزل
اٹھا جو درد عشق تو اشکوں میں ڈھل گئی
بے چینیاں بڑھیں تو دعا بن گئی غزل
جاگی ہوس تو بن کے اٹھی شعلۂ شراب
ٹوٹا جو صبر لغزش پا بن گئی غزل
زاہد نے پی تو جام فنا بن کے رہ گئی
رندوں نے پی تو جام بقا بن گئی غزل
ارض دکن میں جان تو دہلی میں دل بنی
اور شہر لکھنؤ میں حنا بن گئی غزل
دوہے رباعی نظم سبھی طرزؔ تھے مگر
اصناف شاعری کی خدا بن گئی غزل
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.