تمہارے ساتھ بھی دل کو خلا سا لگتا ہے
تمہارے ساتھ بھی دل کو خلا سا لگتا ہے
یہ کیسا ربط ہے جو فاصلہ سا لگتا ہے
وہ ہنس کے بات کرے تو یقین آتا نہیں
اداس ہو تو مجھے آشنا سا لگتا ہے
تمہاری یاد میں ہم ٹھیک سے نہیں سوتے
ہمیں تو جاگنا اک مسئلہ سا لگتا ہے
وہ میری سوچ مرا خواب میری دنیا ہے
ہو روبرو جو مرے معجزہ سا لگتا ہے
اس آئنے کی اگر غیریت کو دیکھو تو
مرا ہی عکس مجھے دوسرا سا لگتا ہے
کسی کے ہجر نے بدلا ہے اس قدر مجھ کو
ہر ایک شخص مجھے باؤلا سا لگتا ہے
وہ اپنی ذات میں گم ہے تو گم رہے لیکن
وہ بے رخی میں بھی کچھ آشنا سا لگتا ہے
وہ میرے دل میں بھی ہے میری دسترس میں بھی
مگر سکون نہیں مسئلہ سا لگتا ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.