ہمت پردہ دری کو ڈھونڈیے
ہمت پردہ دری کو ڈھونڈیے
ڈھونڈیے دیدہ وری کو ڈھونڈیے
جب خدا دل میں ہے اس کی کیا تلاش
اس جہاں میں آدمی کو ڈھونڈیے
جس کی آنکھوں میں نہیں آنسو کی بوند
اس کے لب پر کیا ہنسی کو ڈھونڈیے
موت کو پانا تو کچھ مشکل نہیں
حوصلہ ہو زندگی کو ڈھونڈیے
دشمنی جس کی نہ ضد ہو دہر میں
اس طرح کی دوستی کو ڈھونڈیے
منکشف جس پر ہو راز بے خودی
ایسی کوئی آگہی کو ڈھونڈیے
جس میں پائے ہم سراغ صبح نو
پھر اسی تیرہ شبی کو ڈھونڈیے
موت کی پہنائیوں میں اے عزیزؔ
اعتماد زندگی کو ڈھونڈیے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.