مرے مذاق سخن کو سخن کی تاب نہیں
مرے مذاق سخن کو سخن کی تاب نہیں
سخن ہے نالۂ دل نغمۂ رباب نہیں
اگر وہ فتنہ کوئی فتنۂ شباب نہیں
تو حشر میرے لئے وجہ اضطراب نہیں
نہیں شراب کی پابند زندگی میری
یہ اک نشہ ہے جو آلودۂ شراب نہیں
مجھے ذلیل نہ کر عذر لن ترانی سے
یہ اہل ذوق کی توہین ہے جواب نہیں
جو کامیاب محبت ہو سامنے آئے
میں کامیاب نہیں ہاں میں کامیاب نہیں
قفس میں زمزمہ پیرا ہے روح آزادی
صدائے مرغ نفس ہے نفیر خواب نہیں
اسی کی شرم ہے میری نگاہ کا پردہ
وہ بے حجاب سہی میں تو بے حجاب نہیں
سنا ہے میں نے بھی ذکر بہشت و حور و طہور
خدا کا شکر کہ نیت مری خراب نہیں
سخنوران وطن سب ہیں آفتاب کمال
تو کیوں کہوں کہ میں ذرہ ہوں آفتاب نہیں
بیان درد کو دل چاہیئے جناب حفیظؔ
فقط زبان یہاں قابل خطاب نہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.