جان سے پیارا وطن
ایک رنگیں چمن ہند ہے دوستو
جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو
شوخ جھرنے کہیں پر ہیں گوہر فشاں
یہ دل افروز گنگ و جمن کا سماں
یہ ہمالہ مرے دیش کا پاسباں
حسن کی انجمن ہند ہے دوستو
جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو
اپنا پنجاب ہے دل ربا کس قدر
ہے یہ بنگال جادو بھرا کس قدر
ہے یہ کشمیر جنت نما کس قدر
کتنا خوش پیرہن ہند ہے دوستو
جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو
تاج پانی میں جیسے کھلا ہو کنول
ٹیپو کی طرح مینار دہلی اٹل
یہ ہمکتے ہوئے پربتوں کے محل
جلووں کی انجمن ہند ہے دوستو
جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو
رام سیتا کی یہ دل نشیں داستاں
چشتی گوتم یہاں اور نانک یہاں
گاندھی اور نہرو کی موہنی ہستیاں
تھے یہیں لچھمن ہند ہے دوستو
جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو
غالبؔ و میرؔ و مومنؔ و ذوقؔ و ظفرؔ
سورؔ و اقبالؔ ٹیگورؔ سب ہیں امر
ہے یہ دھرتی کبیرؔ اور تلسیؔ کا گھر
علم و فن کا گگن ہند ہے دوستو
جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو
کتنا دلدار ہے گاؤں ہو یا نگر
اپنی دھرتی میں پوشیدہ لعل و گہر
گیت گاتے ہیں اشجار شام و سحر
علم و فن کا گگن ہند ہے دوستو
جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.