ایک خود پسند امیر زادے کی تضحیک
کہتے ہیں اک امیر زادے کو
تھا خدنگ افگنی کا شوق کہیں
خصلتیں جو امیر زادوں کی
لازمی ہیں وہ اس میں سب ہی تھیں
گو کہ رکھتا نہ تھا ہنر کوئی
اس پہ تھا خود پسند اور خودبیں
کچھ نہ تھا پر سمجھتا تھا سب کچھ
علم تیر و کماں میں اپنے تئیں
واہ وا سنتے سنتے یاروں کی
ہو گیا تھا ہنر کا اپنے یقیں
الغرض ایک روز صحرا میں
جب کہ تھے ساتھ سب جلیس و قریں
مشق تیر افگنی میں تھا مصروف
کر رہے تھے خوشامدی تحسیں
آ کے دیکھا جو اک ظریف نے حال
وجہ تحسیں ہوئی نہ ذہن نشیں
تیر جتنے کمان سے چھوٹے
پائے سب بے اصول و بے آئیں
جا کے بھولے سے بھی نہ پڑتا تھا
تیر آماج گہہ کے کوئی قریں
ایک جاتا تھا چھٹ کے سوئے شمال
ایک جاتا تھا پھٹ کے سوئے یمیں
کچھ جو شوخی ظریف کو سوجھی
رکھ کے بالائے طاق سب تمکیں
خاک تودے پہ جا کے ہو بیٹھا
لوگ کرتے رہے چنان و چنیں
ناوک انداز بولا چلا کر
کوئی تجھ کو جنوں ہے اے مسکیں
یا خفا ہو کے گھر سے آیا ہے
یا کہ دوبھر ہے تجھ کو جان حزیں
عرض کی چارہ کیا ہے اس کے سوا
جب کہ جائے گریز ہو نہ کہیں
زد سے ان بے پناہ تیروں کے
کہیں جان دار کو امان نہیں
مجھ کو ہر پھر کے شش جہت میں حضور
امن کی اک جگہ ملی ہے یہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.