رتھ بان
یہ انساں رتھ بان ہے ایسا
جس کے ہاتھ میں وقت کی راسیں
صدیاں سال مہینے جس کے گھوڑے
گھڑ گھڑ گھڑ گھڑ بھاگتے جائیں
گھومنے والی سخت زمیں کی گردش
ماپتے جائیں
ٹپ ٹپ ٹپ ٹپ ان کی بانی
لکھتی جائے ایک کہانی
ایک روانی اور حیرانی
سب کے دل میں اس کی نشانی
یہ انساں رتھ بان ہے ایسا
چلتے چلتے
ٹپ ٹپ ٹپ ٹپ گیت سناتے
گھوڑوں پر چابک برسائے
ان کو اتنا طیش دلائے
وہ تاریخ کی راسیں توڑ کے
سرپٹ بھاگیں
ذروں کے سینوں میں وہ کہرام بپا ہو
روئے زمیں پر ایک قیامت کا
یہ رتھ بان خود اپنی ہی رتھ
اپنے ہی گھوڑوں کی زد میں آ کر
کچلا جائے
وقت کے ظالم پہیوں کی
گردش میں
بوٹی بوٹی ہو کر
دور دور تک اڑتا جائے
گنبد روز و شب میں
اس رتھ بان کا گیت یہی ہے
چیخ یہی ہے
انساں کی تاریخ یہی ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.