وہ عہد مسرت کی باتیں وہ وقت سہانا بھول گئے
وہ عہد مسرت کی باتیں وہ وقت سہانا بھول گئے
جب سے غم دنیا یاد آیا سب لطف زمانا بھول گئے
خاموش ہے گو بزم الفت جاتی ہی نہیں دل کی وحشت
جس شمع کی ضو تھی محفل میں وہ شمع بجھانا بھول گئے
تنظیم گلستاں کی دھن میں اب شاخ نشیمن یاد نہیں
اے گردش دوراں خوش ہو لے ہم اپنا ٹھکانا بھول گئے
جب ہنسنے ہنسانے کے دن تھے ہم آٹھ پہر روتے ہی رہے
اب وقت جو آیا رونے کا ہم اشک بہانا بھول گئے
اندوہ کی ماری دنیا میں کچھ اپنی زباں سے کہہ نہ سکے
اوروں کے فسانے سن سن کر ہم اپنا فسانا بھول گئے
اے بربط جاں دکھ سہنے دے بے خواب شبستاں رہنے دے
جس گت پہ ہمیں نیند آتی تھی وہ گت ہی بجانا بھول گئے
اے تندیٔ صہبا دشمن غم کیفیت عالم دیکھ کے ہم
شیشہ کو لگا کر ہونٹوں سے پھر اس کو ہٹانا بھول گئے
اک شور مے و مینا لے کر ہم ٹوٹ پڑے انگاروں پر
ہشیار بنا کر دنیا کو خود ہوش میں آنا بھول گئے
اس دور تلاطم میں وامقؔ کتنے ہی سفینے کھے ڈالے
اور ٹوٹی ہوئی کشتی اپنی موجوں سے بچانا بھول گئے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.