اتنا نادان نہیں ہونا تھا
اتنا نادان نہیں ہونا تھا
خود سے انجان نہیں ہونا تھا
ٹھیک تھا دل کا پریشاں ہونا
دل کو ویران نہیں ہونا تھا
دل میں اک پھول کھلانا تھا پر
مجھ کو گلدان نہیں ہونا تھا
درد تنہائی اذیت وحشت
اتنا سامان نہیں ہونا تھا
عشق گر دل میں تھا بے حد تو پھر
جانا آسان نہیں ہونا تھا
کھایا اک یاد نے مجھ کو ورنہ
اتنا نقصان نہیں ہونا تھا
ہجر پہ ہجر کی چاہت ہو مجھے
ایسا انسان نہیں ہونا تھا
جینا گر ہرشؔ کا آسان تھا تو
مرنا آسان نہیں ہونا تھا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.