انہیں ہم سے محبت ہے نہیں تو
انہیں ہم سے محبت ہے نہیں تو
یہی کیا اک اذیت ہے نہیں تو
کسی سے بات بھی کرتے نہیں اب
تو کیا ہر اک سے نفرت ہے نہیں تو
متاع جاں تمہارے بن یہ دنیا
نہایت خوبصورت ہے نہیں تو
تمہارے ساتھ گزرے عمر ساری
ہماری ایسی قسمت ہے نہیں تو
کسی بھی بت کی اس شہر بتاں میں
تمہاری جیسی صورت ہے نہیں تو
دل معصوم کو مجروح کر کے
انہیں خود پر ندامت ہے نہیں تو
رواں تو ہوں سرابوں کے سفر پر
مگر کچھ اس میں دقت ہے نہیں تو
مصیبت ناک تنہا راستوں پر
ہمیں ان کی ضرورت ہے نہیں تو
کسی کے پاس ابو شبرؔ کے جیسی
فصاحت اور بلاغت ہے نہیں تو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.