مٹی کے بے کنار جہانوں کے بیچ میں
مٹی کے بے کنار جہانوں کے بیچ میں
میں ہوں کہیں کھپی ہوئی جانوں کے بیچ میں
دیوار آسماں کا پتا تک نہیں چلا
تھے لوگ اتنے محو اڑانوں کے بیچ میں
سونے سے ہم کنار درانتی کی دھار تھی
گندم بچھی ہوئی تھی کسانوں کے بیچ میں
طبعاً جھکاؤ تھا مرا تجرید کی طرف
سو مطمئن ہوں اپنے گمانوں کے بیچ میں
اسلوب چشم جس کا الگ ہے جہان سے
وہ مختلف ہے آئنہ خانوں کے بیچ میں
یہ جو دھڑک دھڑک کے دھڑکتا ہے میرا دل
کچھ کچھ ضرور سچ ہے فسانوں کے بیچ میں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.