آوارگی میں حد سے گزر جانا چاہیے
آوارگی میں حد سے گزر جانا چاہیے
لیکن کبھی کبھار تو گھر جانا چاہیے
اس بت سے عشق کیجیے لیکن کچھ اس طرح
پوچھے کوئی تو صاف مکر جانا چاہیے
مجھ سے بچھڑ کے ان دنوں کس رنگ میں ہے وہ
یہ دیکھنے رقیب کے گھر جانا چاہیے
جس شام شاہزادی فقیروں کے گھر میں آئے
اس شام وقت کو بھی ٹھہر جانا چاہیے
رب وصال وصل کا موسم تو آ چکا
اب تو مرا نصیب سنور جانا چاہیے
سیلاب غم کی نذر سبھی خواہشیں ہوئیں
اب درد کا یہ دریا اتر جانا چاہیے
جب ڈوبنا ہی ٹھہرا تو پھر ساحلوں پہ کیوں
اس کے لیے تو بیچ بھنور جانا چاہیے
جن ساعتوں میں بے ہنری ہو عیار عقل
ان ساعتوں کا سوچ کے ڈر جانا چاہیے
شہرت سمیٹ لی ہے بہت کیٹسؔ کی طرح
اب ہم کو بھی جوانی میں مر جانا چاہیے
بیٹھے رہو گے دشت میں کب تک حسن رضاؔ
پاؤں میں جاگ اٹھا ہے سفر جانا چاہیے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.