عشق کی مار بڑی دردیلی عشق میں جی نہ پھنسانا جی
عشق کی مار بڑی دردیلی عشق میں جی نہ پھنسانا جی
سب کچھ کرنا عشق نہ کرنا عشق سے جان بچانا جی
وقت نہ دیکھے عمر نہ دیکھے جب چاہے مجبور کرے
موت اور عشق کے آگے تو کوئی چلے نہ بہانہ جی
عشق کی ٹھوکر موت کی ہچکی دونوں کا ہے ایک اثر
ایک کرے گھر گھر رسوائی ایک کرے افسانہ جی
عشق کی نعمت پھر بھی یارو ہر نعمت پر بھاری ہے
عشق کی ٹیسیں دین خدا کی عشق سے کیا گھبرانا جی
عشق کی نظروں میں سب یکساں کعبہ کیا بت خانہ کیا
عشق میں دنیا عقبیٰ کیا ہے کیا اپنا بیگانہ جی
راہ کٹھن ہیں پی کے نگر کی آگ پہ چل کر جانا ہے
عشق ہے سیڑھی پی کے ملن کی جو چاہے تو نبھانا جی
طرزؔ بہت دن جھیل چکے تم دنیا کی زنجیروں کو
توڑ کے پنجرہ اب تو تمہیں ہے دیس پیا کے جانا جی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.