سیاروں کی تقدیر یہیں جاگ رہی ہے
سیاروں کی تقدیر یہیں جاگ رہی ہے
سوتے ہیں نہ افلاک زمیں جاگ رہی ہے
تارے بھی ہیں بیدار زمیں جاگ رہی ہے
پچھلے کو بھی وہ آنکھ کہیں جاگ رہی ہے
اک عالم نیرنگ ہے دنیائے محبت
سوتی ہے کہیں اور کہیں جاگ رہی ہے
ہیں خواب میں عشاق مگر یاد کسی کی
یا دل ہی میں یا دل کے قریں جاگ رہی ہے
کروٹ سے شب ماہ میں بہتی ہے یہ گنگا
یا حسن کی بل کھائی جبیں جاگ رہی ہے
اقرار کی ٹھنڈک میں ہے انکار کی گرمی
سائے میں تری ہاں کے نہیں جاگ رہی ہے
آہوں سے کہو رات کا دل چیرتی جائیں
تاثیر سر عرش بریں جاگ رہی ہے
شب خوں نہ مہ نو سے ہو عشاق میں اے چرخ
یہ رات لئے خنجر کیں جاگ رہی ہے
سوتی ہے جہاں عشق کی تقدیر ازل سے
وہ نرگس بیمار وہیں جاگ رہی ہے
یہ رات اندھیری ہے مگر اے غم فردا
سینوں میں ابھی شمع یقیں جاگ رہی ہے
چھیڑیں تو تری سادگی حسن کو سو بار
لیکن نگۂ شوخ تریں جاگ رہی ہے
کچھ رات رہے آج ترے خواب کا عالم
یا سر بسر اک صبح حسیں جاگ رہی ہے
یہ نکھری ہوئی رات فراقؔ آنکھ تو کھولو
سوتا ہوا سنسار زمیں جاگ رہی ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.