ذرے ذرے میں نظر آئی حقیقت تیری
ذرے ذرے میں نظر آئی حقیقت تیری
عرش اور فرش کی ہر چیز ہے آیت تیری
دل سے تسلیم و یقیں کرنا ہے طاعت تیری
کلمۂ حق میں ہے پوشیدہ شہادت تیری
گنبد بے در و دیوار مصلیٰ تیرا
ذرہ ذرہ یہاں کرتا ہے عبادت تیری
شیر مادر پہ کسی بچے کا حق ہو جیسے
میرے حصے میں ہے اس طرح سے رحمت تیری
رہ کے دنیا میں تری تجھ سے بغاوت جو کریں
ان پہ بھی رہتی ہے دن رات عنایت تیری
چاند سورج تری تسبیح کے دانوں کی طرح
گردش چرخ میں کرتے ہیں عبادت تیری
ترے ہر نام کا ہر حرف مرا حرف دعا
انہیں حرفوں سے ملی مجھ کو ہدایت تیری
گردش چرخ ہے قبضہ میں انہیں بندوں کے
زیر شمشیر جو کرتے ہیں عبادت تیری
کیوں نہ رحمان کا محبوب ہو رحمت والا
دوست کے ہاتھ سے ہوتی ہے عنایت تیری
ایسی نورانی نظر دے دے تقیؔ کو مولا
جس سے وہ کرتا رہے ہرجا زیارت تیری
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.