خاموش زمانوں کے اسرار مری آنکھیں
خاموش زمانوں کے اسرار مری آنکھیں
تاریک شب غم میں بیدار مری آنکھیں
تاراج کیا دل کو اک شوخ تبسم نے
پامال کریں گی اب پندار مری آنکھیں
میخانے کی جانب سے پھیری ہے نظر میں نے
دیدار کی لذت سے سرشار مری آنکھیں
پابند وفا لب ہیں چپ چاپ سر محفل
بے باک کریں گی اب اقرار مری آنکھیں
لاچار مسیحا کی تدبیر ہوئی باطل
آسیب محبت سے بیمار مری آنکھیں
یوسف کی خریداری ہوتی نہیں درہم سے
آباد کریں گی اب بازار مری آنکھیں
رو رو کے ترے غم میں اک روز مرے ہمدم
کر دیں گی بیاباں کو گلزار مری آنکھیں
برباد محبت کے قصے نہ سناؤ تم
ویران دیاروں کے آثار مری آنکھیں
رستوں کی مسافت سے تھک ہار گیا ہے دل
زنجیر تعلق سے بیزار مری آنکھیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.