کوئی میرا بھی ہوتا جو کبھی کوئی دعا دیتا
کوئی میرا بھی ہوتا جو کبھی کوئی دعا دیتا
یا پھر احسان یہ کرتا مجھے جام قضا دیتا
کہاں ڈھونڈوں میں وہ رہبر دکھا کر جو مجھے رستہ
مٹا دیتا مرے غم کو مجھے رب سے ملا دیتا
خدا سے لو لگاتی تو عطا ہوتا مجھے سب کچھ
پڑا تھا واسطہ بندے سے بندہ مجھ کو کیا دیتا
کوئی ایسا تو ہوتا جس سے کرتی دل کی باتیں میں
کوئی ایسا تو ہوتا جو مجھے اپنی نوا دیتا
سبق سب نے پڑھایا ہے مجھے تو بے وفائی کا
کوئی پاس وفا رکھتا کوئی درس وفا دیتا
چھپاتا ہے مرے عصیاں خدا کا ظرف بھی دیکھو
بشر کوئی خدا ہوتا یقیناً وہ سزا دیتا
یقیناً بے خبر تھا مجھ سے تمثیلہؔ وگرنہ وہ
اگر پہچانتا مجھ کو تو کیا ایسے گنوا دیتا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.