نگاہ و دل پہ کوئی چھا گیا تو کیا ہوگا
نگاہ و دل پہ کوئی چھا گیا تو کیا ہوگا
میں اپنے آپ سے اکتا گیا تو کیا ہوگا
بڑھا کے انس وہ ٹھکرا گیا تو کیا ہوگا
سکوں کے پردے میں تڑپا گیا تو کیا ہوگا
نباہنا مجھے آتا تو ہے گناہوں کا
خدا کے سامنے گھبرا گیا تو کیا ہوگا
قضا کے بعد تو زحمت نہ ہوگی جینے کی
قضا سے پہلے دل اکتا گیا تو کیا ہوگا
جھجک رہی ہے کلی کھل کے مسکرانے سے
پلٹ کے دور یہاں آ گیا تو کیا ہوگا
دہک رہا ہے جہنم مری توقع پر
خدا کو مجھ پہ ترس آ گیا تو کیا ہوگا
میں خود سے دور ہوں اس کو قریب پا کے عدیلؔ
اگر وہ اور قریب آ گیا تو کیا ہوگا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.