تحریک عمل
گر دیکھیے تو یاس ہے انکار ذات حق
امیدوار رحمت پروردگار رہ
آئیں گی تجھ کو راس نہ سر مستیاں تری
رہنا ہے اس جہاں میں اگر ہوشیار رہ
شایان عاشقی نہیں مایوسئ فراق
ہر دم رہین کشمکش انتظار رہ
جاتی رہیں گی حسن کی بے اعتنائیاں
تو اپنے عہد شوق پہ خود استوار رہ
اچھی نہیں ہیں دوست یہ عزلت گزیںیاں
تو حق و راستی ہے سدا آشکار رہ
یہ تیرہ خاکداں ترے دم سے چمک اٹھے
رخشاں عمل کے چرخ پہ خورشید وار رہ
اہل نظر کو زندگئ پر سکوں ہے موت
بحر جہاں میں موج صفت بے قرار رہ
پیدا ہر اک بہار میں اپنی بہار کر
اور بے نیاز عہد خزاں و بہار رہ
کس نے کہا تجسس و تدبیر چھوڑ دے
سنگ عمل سے شیشۂ تقدیر توڑ دے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.